غیرقانونی مقیم افغان باشندوں کو ملک بدر کیا جائیگا، کراچی پولیس چیف

کراچی پولیس نے غیر قانونی طریقے سے پاکستان آئے افغان باشندوں کو ڈی پورٹ کرنے کی درخواست کردی۔ کراچی پولیس چیف نے واضح کیا ہے کہ غیرقانونی مقیم افغان باشندوں کو ملک بدر کیا جائے گا۔

ڈی ایس پی سہراب گوٹھ سہیل فیض نے ضلع شرقی کے ایس ایس پی کو خط لکھا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر غیر قانونی طور پر افغان باشندے کراچی آرہے ہیں اور سہراب گوٹھ کے اطراف میں غیر قانونی طور پر رہائش اختیار کررہے ہیں۔

ڈی ایس پی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ یہ افغان باشندے غیر قانونی سرگرمیوں جس میں اسٹریٹ کرائم، منشیات کی فروخت اور زمینوں پر قبضہ سرفہرست ہیں، میں ملوث ہیں۔

سہیل فیض کے مطابق فیکٹری ایریاز، سبزی منڈی اور سپر ہائی وے پر اکثر شہریوں کو روک کر لوٹ لیا جاتا ہے، ان واقعات کی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ وارداتوں میں افغان باشندے ملوث ہیں۔

خط کے مطابق چند ماہ قبل سندھ میں سندھی اور پٹھانوں کے درمیان کشیدگی کے دوران پی ٹی ایم سے تعلق رکھنے والے 7 سے 8 ہزار پختونوں نے سپر ہائی وے بلاک کیا، اس احتجاج کے دوران انہوں نے معصوم شہریوں سے لوٹ مار کی، سڑکوں پر ٹائر جلائے، پولیس کی گاڑیاں اور موٹر سائیکلوں کو نذر آتش کیا اور ہوائی فائرنگ کرکے شہر میں خوف و ہراس پھیلایا۔

رپورٹ کے مطابق ان واقعات کی 5 ایف آئی آر سہراب ڈویژن میں درج بھی ہوئی ہیں۔ سہیل فیض کا خط میں مزید کہنا ہے کہ 12 اور 13 ستمبر کی درمیانی شب پولیس نے سہراب گوٹھ کے علاقوں میں سرچ آپریشن کرکے 26 ایسے افغان باشندوں کو گرفتار کیا جو غیر قانونی طور پر پاکستان آئے اور کراچی میں رہائش پذیر ہوئے۔

ڈی ایس پی کے مطابق گرفتار افراد کے خلاف فارن ایکٹ کی دفعہ 14 (2) کے تحت سہراب گوٹھ تھانے میں مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ سہیل فیض نے مزید لکھا ہے کہ ماضی میں بھی غیر قانونی طور پر پاکستان آئے افغان باشندوں کو ڈی پورٹ کیا گیا تھا اور شہر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے ان باشندوں کو ملک بدر کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے ایس ایس پی سے درخواست کی ہے کہ اس معاملے کو اعلیٰ حکام تک پہنچایا جائے تاکہ غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو ان کے ملک واپس بھیجا جاسکے۔

دوسری طرف سماء ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی اللہ بخش عرف جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو ملک بدر کیا جائے گا۔ وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ایسے افغان مہاجرین جو قانونی طور پر یہاں مقیم ہیں انہیں کسی بھی طرح تنگ نہیں کیا جائے تاہم غیر قانونی رہائش پذیر افغان باشندوں کو ان کے ملک واپس بھیجا جائے گا۔



from Samaa - Latest News https://ift.tt/S3ogxiD

No comments:

Post a Comment

Main Post

Former US President Bill Clinton admitted to hospital with fever

The 42nd president is at a Washington DC hospital, and is in "good spirits", according to a spokesman. from BBC News https://ift...