وزیراعظم نے دورۂ چين سے پہلے تاجروں اور صنعتکاروں سے ملاقات کی، اس دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی موجود تھے۔ عمران خان کہتے ہيں دورے میں پاک چین مشترکہ منصوبوں پر بات ہوگی۔ آرمی چيف نے کہا ملکی ترقی کيلئے حکومتی پاليسيوں پر عملدرآمد ميں پورا ساتھ ديں گے۔
سماء ٹی وی کے مطابق وزیراعظم سے ملاقات کے دوران نشاط گروپ کے بانی میاں محمد منشاء نے کہا کہ حکومت اگر معاشی کارکردگی بہتر دیکھنا چاہتی ہے تو اسے قومی احتساب بیورو (نیب) کو ختم کردینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مشورہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو بھی دیا تھا۔
میاں منشاء کا کہنا تھا کہ دیگر کاروباری شخصیات کے ساتھ ساتھ وہ خود بھی نیب کیسز میں الجھے ہوئے ہیں۔
وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ حکومت احتساب کے طریقۂ کار میں اصلاحات کرسکتی ہے تاہم نیب کو بند نہیں کیا جاسکتا۔
تاہم انہوں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ کاروباری لین دین کو نیب کے دائرہ اختیار میں نہیں رکھا جانا چاہئے۔
فرخ حبیب کا مزید کہنا تھا کہ حکومت بے بنیاد خدشات کو دور کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔
تاجروں اور صنعتکاروں سے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ چین جانے سے پہلے ایسی ملاقات ضروری تھی، دورے میں پاک چین صنعتکاروں کے مشترکہ کاروباری منصوبوں پر بات ہوگی۔
وزیراعظم نے دفاعی پیداوار کیلئے پبلک پرائیویٹ سیکٹر میں اشتراک سے استفاد کا عندیہ بھی دے دیا۔
سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی ملاقات کے دوران دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ ملکی ترقی کیلئے حکومتی پالیسیوں پر عملدرآمد میں مکمل ساتھ دیا جائے گا۔
اجلاس میں وزیراعظم نے تنخواہیں بڑھانے والے آجروں سے اظہار تشکر کیا۔ بولے عالمی منڈی میں مہنگائی اور عوام پر بوجھ کا احساس ہی نہیں، ریلیف کیلئے اقدامات بھی کئے جارہے ہیں، اس مشن میں صنعتکار اور تاجر بھی حکومت کا ساتھ دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت ملک کی صرف 10 بڑی کمپنیوں نے ہی گزشتہ سال 929 ارب روپے کا خطیر منافع کمایا، اس کے ثمرات مزدور طبقے کو بھی ملنے چاہئیں۔
اجلاس کے شرکاء نے تائید کرتے ہوئے کم سے کم ماہانہ اُجرت بڑھانے پر اتفاق کیا ساتھ ہی برآمدات، چھوٹی صنعتوں اور ٹیکس نظام میں بہتری کیلئے تجاویز بھی پیش کردیں۔
from SAMAA https://ift.tt/kEI7HGjML
No comments:
Post a Comment