بلدیاتی انتخابات: کراچی کے متعدد پولنگ اسٹیشنز کے پریذائیڈنگ افسران غائب

کراچی میں بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ میں چند گھنٹے باقی ہیں لیکن متعدد پولنگ اسٹیشنز کے پریذائیڈنگ افسران پراسرار طور پر غائب ہوگئے۔

سماء ڈیجیٹل کو موصولہ اطلاعات کے مطابق ضلع وسطی اور شرقی کے چند پولنگ اسٹیشنز کے پریذائیڈنگ افسران نے تاحال ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران (ڈی آر اوز) کو رپورٹ نہیں کیا، جس کے باعث شہر کے بیشتر حلقوں میں پولنگ کا عمل تاخیر کا شکار ہوسکتا ہے۔

تفصیلات کیلئے جب شہر کے ڈی آر اوز سے رابطہ کیا گیا تو ضلع وسطی کے ڈپٹی کمشنر اور ڈی آر او طٰحہ سلیم نے بتایا کہ ضلع کے متعدد پولنگ اسٹیشنز کے پریذائیڈنگ افسران پراسرار طور پر غائب ہوگئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان افسران کی تعداد بہت زیادہ تھی لیکن کم وقت میں متبادل انتظام کرلیا گیا ہے، لیکن اب بھی دس سے پندرہ پریذائیڈنگ افسران کی کمی کا سامنا ہے۔

طٰحہ سلیم نے امید ظاہر کی ہے کہ صبح تک تمام پولنگ اسٹیشنز پر پریذائیڈنگ افسران موجود ہوں گے۔

اسی طرح ضلع شرقی میں بھی متعدد پولنگ اسٹیشنز پر پریذائیڈنگ افسران کی کمی دیکھنے میں آرہی ہے۔

ضلع شرقی کے ڈپٹی کمشنر اور ڈی آر او راجہ طارق چانڈیو نے سماء ڈیجیٹل کو بتایا کہ ضلع شرقی میں بھی اسی طرح کی صورتحال کا سامنا ہے، تاہم انہوں نے یہ بتانے سے گریز کیا کہ اس وقت ضلع میں کتنے پریذائیڈنگ افسران کی کمی ہے۔

ضلع کیماڑی کے ڈپٹی کمشنر اور ڈی آر او مختار ابڑو نے سماء ڈیجیٹل کو بتایا کہ ضلع کیماڑی کو اس طرح کی صورتحال کا سامنا نہیں ہے، پریذائیڈنگ افسران بھی موجود ہیں اور پولنگ اسٹیشنز پر سامنا بھی پہنچادیا گیا ہے۔

اسی طرح ضلع کورنگی کے ڈپٹی کمشنر اور ڈی ار آو محمد علی زیدی کا کہنا ہے کہ ضلع میں پریذائیڈنگ افسران کی کوئی کمی نہیں اور پولنگ کا سامان تمام اسٹیشنز پر رات 10 بجے تک پہنچادیا گیا تھا۔

ضلع جنوبی کے ڈپٹی کمشنر اور ڈی آر او سعید لغاری نے سماء ڈیجیٹل کو بتایا کہ ان کے ضلع میں بھی تمام پریذائیڈنگ افسران رپورٹ کرچکے ہیں اور پولنگ کا سامان بھی انہیں فراہم کردیا گیا ہے۔

تاہم ضلع ملیر اور ضلع غربی کے ڈی آر اوز سے رابطہ نہیں ہوسکا۔

دوسری طرف کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے سماء ڈیجیٹل کو بتایا کہ پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے تمام افراد کی سیکیورٹی کو یقینی بنارہے ہیں اور ابھی تک شہر کے کسی بھی علاقے سے ایسی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی کہ انتخابی عمل پر مامور کسی فرد کو یرغمال بنایا گیا ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ پریذائیڈنگ افسران کی حاضری کو یقینی بنانا ڈی آر اوز کا کام ہے اور ان کو سیکیورٹی فراہم کرنا پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی ذمہ داری ہے۔



from Samaa - Latest News https://ift.tt/ypmkTx6

No comments:

Post a Comment

Main Post

Three children drown every day in India's wetlands. But mothers are fighting back

Mothers in the harsh Sundarbans delta are battling the rising tide of child drownings. from BBC News https://ift.tt/h1jnTqH