کراچی میں جمعہ کی رات اور ہفتہ کی صبح بھی تیز بارش کا امکان

کراچی میں جمعہ کو بھی موسلا دھار بارش ہوئی، کہیں ہلکی کہیں تیز بارش کا سلسلہ کئی گھنٹے تک جاری رہا، جس کے باعث مختلف علاقوں میں پانی کھڑا ہوگیا، نالوں میں طغیانی آگئی، سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے آج رات اور ہفتہ کی صبح بھی تیز بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

کراچی میں جمعہ کی دوپہر سے شروع ہونیوالی بارش وقفے وقفے سے کئی گھنٹے بعد بھی رات تک جاری رہی، مون سون کے دھواں دھار اسپیل میں گلشن اقبال میں یونیورسٹی روڈ ڈوب گیا، سوک سینٹر کے سامنے سڑک تالاب بن گئی جبکہ ٹریفک جام ہوگیا، گلشن اقبال 13 ڈی میں گٹھنوں گٹھنوں پانی جمع ہوگیا، گلشن حدید اور ملیر میں بھی خوب بارش ہوئی۔

بارش کے سہ پہر کے بعد شدت پکڑنے کے نتیجے میں گلستان جوہر میں چند منٹ میں ہی جل تھل ایک ہوگیا، شہری پوچھ رہے ہیں کہ بلند و بانگ دعوے کرنے ولے ایڈمنسٹریٹر کہاں ہیں؟۔

گلشن حدید نیشنل ہائی وے اور ملیر میں بھی خوب بارش ہوئی، وائرلیس گیٹ سے کالا بورڈ تک کئی فٹ پانی جمع تھا اور اس کی سطح مسلسل بڑھتی جارہی تھی۔

موسلا دھار بارژ کے باعث تھڈو اور لٹھ ڈيم اوور فلو ہوگئے، سیلابی ریلا گڈاپ روڈ عبور کرکے ناردرن بائی پاس اور موٹر وے کی طرف بڑھنے لگا، کئی گوٹھ زير آب آگئے۔

شہريوں کا کہنا ہے انتظاميہ مدد کو نہ پہنچی تو بڑی تباہی ہو سکتی ہے۔

کراچی میں بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی، 11 افراد ريلوں ميں بہہ گئے، 8 کو بچالیا گیا، ایک شخص کی لاش نکال لی گئی، 2 افراد کی تلاش جاری ہے۔

بارش کے بعد پانی بھرنے سے شارع فیصل پر کئی گاڑیاں بند ہوگئی، گھنٹوں ٹریفک جام کی صورتحال رہی۔

انتظامیہ نے پانی کے تیز بہاؤ کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں وارننگ جاری کردی۔

محکمہ موسمیات نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کے بادل پھٹنے کے دعوے کو مسترد کردیا۔ محکمہ موسمیات نے جمعہ کی رات اور ہفتہ کی صبح بھی شہر قائد میں کہیں کہیں تیز بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

کراچی میں جمعہ کو ہونیوالی بارش کے دوران مختلف حادثات میں مزید 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

کراچی میں سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 65، گلشن حدید میں 60، نارتھ کراچی میں 52.4، قائد آباد 48.5 اور پی اے ایف بیس فیصل پر 42 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

دیگر علاقوں میں اولڈ ایئرپورٹ ایریا 11.4، جناح ٹرمینل 11.4، پی اے ایف بیس مسرور 15.8، یونیورسٹی روڈ میٹ کمپلیکس 8.6، ناظم آباد 19.6، اورنگی ٹاؤن 25.7، ڈی ایچ اے فیز 2 میں 3.9، سعدی ٹاؤن 36.4، کیماڑی 11 اور گڈاپ ٹاؤن میں 20.6 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

فلائٹ آپریشن بھی شدید متاثر

کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر خراب موسم کے باعث فلائٹ آپریشن متاثر ہوا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق دبئی جانے والی ایمریٹس ایئر لائن کی پرواز ایک کے 609، فیصل آباد اور سکھر جانے والی پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی پروازیں پی کے 340 اور پی کے 536 اور سیرین ایئر کی پرواز ای آر 524 شدید بارش کے باعث معطل ہوگئیں۔

کراچی سے اسلام آباد جانیوالی پی آئی اے کی پرواز پی کے 308 جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی سے 4 گھنٹے کی تاخیر کے بعد شام 7 بجکر 36 منٹ پر روانہ ہوئی جبکہ کراچی سے نجف جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 219 پانچ گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی، یہ پرواز رات 9 بجے شیڈول تھی۔

کراچی سے دبئی جانے والی فلائی دبئی کی پرواز ایف زیڈ 336 ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر کے بعد شام 6 بجے روانہ ہوئی، کراچی سے اسلام آباد جانے والی ایئرسیال کی پرواز پی ایف 125 پچاس منٹ سے زائد کی تاخیر سے شام 7 بج کر 53 منٹ پر روانہ ہوئی۔

اسی طرح ایئر بلیو کی پرواز پی اے 406 بھی ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر سے 10 بج کر 35 منٹ پر روانہ ہوئی، کراچی میں شدید بارش کے دوران پی آئی اے کی کوئٹہ سے کراچی آنیوالی پرواز پی کے 311 کو ملتان کی طرف موڑ دیا گیا، جس میں 120 مسافر سوار تھے۔

پی کے 311 نے رات 2 بجکر 55 منٹ پر جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی میں لینڈ کرنا تھا، اس رپورٹ کے داخل ہونے تک پرواز کراچی نہیں پہنچ سکی تھی۔



from Samaa - Latest News https://ift.tt/ZzT4jCU

No comments:

Post a Comment

Main Post

Mozambique opposition lawyer shot dead

Lawyer Elvino Dias and opposition party official Paulo Guambe were gunned down in broad daylight. from BBC News https://ift.tt/YZADkTe