رولنگ ،وزیر اعظم ایڈوائس اور صدر کے اقدامات سےعوام کے حقوق متاثر ہوئے، سپریم کورٹ

سپریم کورٹ نے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کیخلاف از خود نوٹس کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ، وزیر اعظم اور صدر مملکت کا اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اقدام سیاسی جماعتوں کے بنیادی حقوق کے منافی ہے۔

سپریم کورٹ نے ڈپٹی اسپیکر کی تحریک عدم اعتماد رولنگ سے متعلق تفصیلی فیصلہ جاری کردیا ہے۔

86 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال نے تحریر کیا، فیصلے کا آغاز سورہ الشعراء کی آیات سے کیا گیا ہے۔

سپریم کورٹ نے اپنے تفصیلی فیصلے میں کہا ہے کہ ووٹنگ کے دن وزیر قانون نے پہلی مرتبہ بیرونی سازش سے متعلق ڈپٹی اسپیکر کو حکم دینے کی استدعا کی۔ ڈپٹی اسپیکر کے غیر آئینی اقدام کی وجہ سے سپریم کورٹ متحرک ہوئی۔

سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کی وجہ سے وزیراعظم کی ایڈوائس پر صدر مملکت نے اسمبلی توڑی، رولنگ ،وزیر اعظم ایڈوائس اور صدر کے اقدامات سے اپوزیشن اور عوام کے بنیادی حقوق متاثر ہوئے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس کے گھر پر ہونے والے اجلاس میں 12 ججز نے از خود نوٹس کی سفارش کی، سپریم کورٹ نے آئین کو مقدم رکھنے اور اس کے تحفظ کے لئے اسپیکر رولنگ پر از خود نوٹس لیا۔

دوران سماعت تحریک انصاف کے وکیل نے بیرون مداخلت سے مداخلت کے مراسلے کا حوالہ دیا، فریقین نے مبینہ غیر ملکی خط پر دلائل دئیے، کارروائی کے دوران مبینہ غیرملکی خط عدالت کو دکھایا نہیں گیا ،صرف اجزاء بتائے گئے۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ بیرونی مداخلت سے متعلق مبینہ خط 7 مارچ کو موصول ہوا، سابق حکومت نے نہ تو مبینہ خط کی تحقیقات کروائیں نہ یہ بتایا کہ کس نے بیرونی سازش کی، 31 مارچ تک حکومت نے مبینہ خط کی تحقیقات کرائیں نہ اپوزیشن کے سامنے حقائق رکھے۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی اعلامیے میں بیرونی مداخلت جانچنے کیلئے مبینہ خط پر تحقیقات کا نہیں کہا گیا، اس میں اپوزیشن جماعتوں کے بیرون طاقتوں کے ساتھ مل کر عدم اعتماد لانے کا ذکر نہیں۔

سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں مزید کہا کہ ڈپٹی اسپیکر کا تحریک عدم اعتماد مسترد کرنے کا فیصلہ غیر آئینی ہے، اس لئے وزیر اعظم کا اسمبلیاں تحلیل کرنے کا حکم غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کالعدم قرار دیا جاتا ہے۔

سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ عدالت بیرونی مداخلت سے متعلق دلیل سے مطمئن نہیں، 2 اپریل کو اس وقت کے وزیر قانون نے بیرونی مداخلت سے متعلق کمیشن قائم کرنے کا کہا، انکوائری کمیشن کا قیام اس بات کا غماز ہے سابق حکومت کو بیرونی مداخلت کا شک تھا۔

تفصیلی رولنگ سے ثابت ہوا کہ اسپیکر کو بیرونی سازش کے نامکمل اور ناکافی حقائق پیش کئے گئے، ڈپٹی اسپیکر نے اسی وجہ سے بیرونی سازش پر تحقیقات کرانے کی رولنگ دی۔

عدالت عظمیٰ نے قرار دیا کہ ڈپٹی سپیکر نے قومی سلامتی کو جواز بنا کر تحریک عدم اعتماد مسترد کر دی، قومی سلامتی کیلئے دی گئی 3 اپریل کی اسپیکر رولنگ شواہد پر مبنی ہونی چاہئے تھی، رولنگ، وزیراعظم اور صدر کا اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اقدام سیاسی جماعتوں کے بنیادی حقوق کے منافی ہے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عدالت کے سامنے بیرونی سازش سے متعلق ثبوتوں میں سے صرف ڈپٹی اسپیکر کا بیان ہے، ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ میں نہیں بتایا گیا کہ کسی اپوزیشن رکن نے بیرون ملک سے رابطہ کیا، رولنگ میں یہ نہیں بتایا گیا کہ مبینہ خط کے مطابق حکومت گرانے میں کون شامل ہے۔

جسٹس مظہر عالم میاں خیل کا اضافی نوٹ

عدالتی فیصلے میں جسٹس مظہر عالم میاں خیل کا اضافی نوٹ بھی شامل ہے جس میں کہا گیا ہے کہ رکن پارلیمنٹ اسپیکر کا حلف لیتے وقت نیوٹرل رہنے کا عہد کرتا ہے، اسپیکر کو کسی کے دباؤ میں نہیں آنا چاہیے۔

جسٹس مظہر عالم میاں خیل کے اضافی نوٹ میں کہا گیا ہے کہ اسپیکر کے بجائے ڈپٹی اسپیکر نے اجلاس کی کارروائی کیوں چلائی جواز نہیں بتایا گیا، قاسم سوری نے پہلے سے تیار کردہ رولنگ پڑھ کر سنائی، اگلے ایک منٹ میں عمران خان نے صدر مملکت کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کا کہا اور اگلے ایک منٹ سے قبل صدر مملکت نے اسمبلیاں تحلیل کردیں۔

اضافی نوٹ میں کہا گیا ہے کہ جب عدم اعتماد کی تحریک جمع ہو جائے تو اس پہ ووٹنگ کرانا لازم ہے،اسپیکر یا ڈپٹی اسپیکر کو یہ اختیار حاصل نہیں کہ وہ رولنگ کے ذریعے تحریک رد کرے، اسپیکر یا ڈپٹی اسپیکر کی قانونی خلاف ورزی پر عدالتیں جائزہ لے سکتی ہیں۔

اضافی نوٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر کااقدام پارلیمانی کارروائی کو آئینی تحفظ حاصل ہونے کے دائرے میں نہیں آتا، عدالت مقننہ کے معاملات میں تب تک مداخلت نہیں کرے گی جب تک آئینی حدود پار نا ہوں، آئین کے آرٹیکل 95(2) کے تحت اسپیکر تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کرانے کا پابند ہے، ووٹنگ کے حق سے محروم کرنا آئینی انحراف ہے، پارلیمنٹ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات کرے۔



from Samaa - Latest News https://ift.tt/83aA7Ml

No comments:

Post a Comment

Main Post

Model Dayle Haddon dies in carbon monoxide leak

The 76-year-old appeared on the front of magazines including Sports Illustrated and Vogue Paris. from BBC News https://ift.tt/dELuT7v