ملک رياض کی نئی مبینہ آڈیو ٹیپ سامنے آگئی

بزنس ٹائیکون ملک ریاض اور ان کی بیٹی کا ایک مبینہ آڈیو ٹیپ سامنے آیا ہے جس میں عمران خان کی اہلیہ کو ایک کام کے عوض ہیرے کے تحفے کا ذکر ہے۔

نئے مبینہ آڈیو ٹیپ میں ملک ریاض کو ان کی بیٹی عنبر مبینہ طور پر فرح گوگی سے ہونے والی بات چیت اور اس کی فرمائشوں سے متعلق تفصیلات کا ذکر کررہی ہیں۔

مبینہ آڈیو ٹیپ میں عنبر اپنے والد کو کسی کام کے عوض ہیرے کی انگوٹھی کا ذکر کررہی ہیں جو مبینہ طور پر سابق خاتون اول کو ان کی دوست فرح گوگی کے ذریعے دی گئی۔

ٹیلی فونک گفتگو میں عنبر اپنے والد کو فرح گوگی سے بات چیت اور فرمائشوں کا ذکر کررہی ہیں۔

عنبر اپنے والد کو پنجابی زبان میں کہتی ہیں کہ اس (فرح گوگی) کا فون آیا تھا، وہ کہہ رہی ہے کہ انگوٹھی منگوالیں ، میں نے منگوالی ہے۔ اس نے کہا ہے کہ ہفتے کو میری ملاقات ہے اس سے پہلے انتظام کرلیں۔

جس پر ملک ریاض اپنی بیٹی کو کہتے ہیں کہ انگوٹھی منگوا دو، جواب میں عنبر نے کہا کہ میں نے اویس کو کہہ دیا ہے پرسوں آجائے گی۔

جواب میں ملک ریاض کہتے ہیں کہ اسے کہو کہ یہیں سے تیار کرکے منگوالو۔ عنبر نے جواب نے کہا کہ وہ کہتی ہے کہ مجھے ہیرا منگوا دو، انگوٹھی میں یہیں سے بنوالوں گی، جو پیسے بنیں وہ دے دینا۔

ملک ریاض کو ان کی بیٹی مزید کہتی ہیں کہ اس نے کہا کہ خان صاحب کا فون آیا تھا، صبح آپ کی سائیٹ کے تالے کھل جائیں گے۔ جو رپورٹ جمع کرائی ہے ، خان صاحب نے کہا ہے کہ میری گارنٹی ہے ختم کرادوں گا اور لیٹر بھی کل آپ کو مل جائے گا۔

عنبر مبینہ طور پر کہتی ہیں کہ میں نے اس (فرح گوگی) پر پوری چڑھائی کی ہے، میں نے کہا ہے کہ کہ فرح دیکھو ایک کام نہیں ہوا، عمران خان صاحب نے بھی 4 دن لے لئے ہیں، ابھی تک لیٹر نہیں آیا ، تالے بھی لگے ہیں، عدالت میں رپورٹ بھی جمع ہوگئی ہے، ہمارا کیا بنے گا۔ جس پر فرح گوگی نے کہا کہ تم پینک (فکر مند) نہ ہو، اس کے بعد مجھے خود فون آیا کہ بی بی کہہ رہی ہیں کہ کل لازمی لیٹر مل جائے گا۔

مبینہ آڈیو ٹیپ میں ایک اور کال بھی شامل ہے جس میں ملک ریاض کو ان کی بیٹی کہتی ہیں کہ اس کا فون آیا تھا کہ بی بی معذرت کررہی ہیں، جس پر میں نے کہا کہ کوئی بات نہیں بس ٹائم لے لیں۔

عنبر اپنے والد کو کہتی ہیں کہ اس (فرح گوگی) نے کہا ہے کہ جو چیز تم نے بھیجی ہے وہ مجھے اچھی نہیں لگی، وہ خاتون اول ہیں، ان کے پاس یہ تو عام چیز ہے، وہ کہتی ہے کہ یہ واپس لے لو۔

ملک ریاض جواب میں کہتے ہیں کہ وہ جو کہتی ہے وہ دلا دو، جس پر عنبر کہتی ہیں کہ میں نے کہا ہے کہ 5 کیرٹ کا ہپیرا دے دیتی ہوں، اور وہ ( پچھلا ہیرا) ایک کروڑ روپے کا آیا تھا۔ میں نے کہا ہے کہ وہ واپس دے دو میں دوسرا منگوا دیتی ہوں۔

ملک ریاض اپنی بیٹی کو کہتے ہیں کہ تمہیں پہلے پوچھ لینا چاہیے تھا کہ کتنے کیرٹ کا ہیرا چاہیے۔ جواب میں عنبر نے کہا کہ میں نے پوچھا کہ 5 کیرٹ کا منگوالوں جس پر اس نے ہامی بھر لی ہے۔

چند روز قبل بھی ملک ریاض کی ایک اور مبینہ آڈیو سامنے آئی تھی، جس میں ملک ریاض مبینہ طور پر آصف زرداری سے کہتے ہیں کہ عمران خان آپ سے مصلحت چاہتے ہیں۔ جواب میں آصف زرداری کہتے ہیں کہ اب ممکن نہیں ہے۔

ملک ریاض نے اُن سے منسوب آڈیو جعلی قرار دے دی

دوسری جانب ملک ریاض نے شل میڈیا پر اُن سے منسوب آڈیو جعلی قرار دے دیتے ہوئے کہا کہ ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کے ہوتے ہوئے جعلی آڈیو بنانا کوئی حیران کن نہیں۔

سماجی رابطے کے ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں ملک ریاض کا کہنا تھا کہ ذاتی اور سیاسی مقاصد کیلئے میری آواز کا غلط استعمال کا گیا، میں اس معاملے میں قانونی چارہ جوئی کا حق رکھتا ہوں۔

ملک ریاض کا کہنا تھا کہ سازش میں ملوث لوگوں کا سراغ لگانے کے لئے ہر فورم پر جاؤں گا اور جو بھی ملوث پایا گیا، اسے کیفرکردار تک پہنچاؤں گا۔



from Samaa - Latest News https://ift.tt/1WpCgJa

No comments:

Post a Comment

Main Post

Farmers seen fleeing Nebraska wildfire during harvest

Video shows tractors being overwhelmed by tall plumes of smoke as firefighters battled the blaze. from BBC News https://ift.tt/7hzLEgx