عمران خان نے عوام کو اسلام آباد بلانے کااعلان کردیا

عمران خان نے قوم کو ایک بار پھر اسلام آباد بلانے کا اعلان کردیا۔ کہتے ہیں کہ عوام میری کال کا انتظار کریں، گلی گلی، شہر شہر اور دیہات میں سب تیاری کریں، میں کسی قسم کا تصادم نہیں چاہتا، یہ میرا ملک ہے، یہاں سے کہیں نہیں بھاگوں گا، سارے برطانیہ بھاگ جاتے ہیں ایسا لگتا ہے کہ ملکہ برطانیہ سے ان کی رشتہ داری ہے۔ سابق وزیراعظم عمران خان نے روس جانے کی وجہ بتادی۔ کہتے ہیں کہ تیل و گیس 30 فیصد کم قیمت پر مل رہا تھا اس لئے روس گیا، ہماری معیشت درست سمت میں جارہی تھی، ضمیر خرید کر اس حکومت کو مسلط کیا گیا، سازش اس وقت تک مکمل نہیں ہوتی جب تک اندر بیٹھے میر جعفر شامل نہ ہوں۔

پاکستان تحریک انصاف کا لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں مینار پاکستان کے سائے میں بڑا جلسہ ہوا، جس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ میں نے آج آپ کو لائحہ عمل دینا ہے، نہ ہم غلامی قبول کریں گے اور نہ امپورٹڈ حکومت کو مانیں گے، پیسے دیکر ضمیر خرید کر اس حکومت کو مسلط کیا گیا، ایسے خرید و فروخت ہوئی جیسے عید پر بکرے بکتے ہیں، سازش اس وقت تک مکمل نہیں ہوتی جب تک اندر بیٹھے میرجعفر شامل نہ ہوں۔

ان کا کہنا ہے کہ میری کوشش تھی کہ میری حکومت کی آزاد خارجہ پالیسی ہو، ماضی میں ایک فون کال پر ساری باتیں مان لی جاتی تھیں، حکم آیا باہر سے کہ روس کیوں گئے؟، روس ہمیں تیل 30 فیصد سستا اور گندم 30 فیصد کم قیمت پر دے رہا تھا جس سے مہنگائی کم کرسکتے تھے، اس لئے روس گیا تھا، ہماری معیشت درست سمت میں جارہی تھی، ہم نے پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ ٹیکس اکھٹا کیا۔

عمران خان نے کہا کہ کرونا کے دوران پاکستان کی پالیسی کی دنیا میں تعریف ہوئی، معیشت آئی ایم ایف کی غلامی سے آزاد ہونے جارہی تھی، کبھی کسی نے اتنا کم پیسہ خرچ نہیں کیا جتنا میں نے کیا، توشہ خانہ سے جو خریدا وہ قانون کے اندر ہے، اپنے گھر کو کیمپ آفس بناسکتا تھا، سڑکوں کی مرمت کیلئے حکومت سے پیسہ نہیں لیا، توشہ خانہ کے پیسوں سے سڑکیں ٹھیک کروائیں، اپنا آفس چلایا حکومت سے پیسے نہیں لئے۔

پی ٹی آئی چیئرمین کا مزید کہنا تھا کہ جن کے لیڈرز کے پیسے باہر ہیں انہیں ووٹ نہ دو، جن کے پیسے باہر ہیں وہ سامراج کا پریشر برداشت نہیں کرسکتے، جب تک زندہ ہوں ان کا مقابلہ کروں گا، تسلیم نہیں کروں گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف اور اس کے بیٹوں پر کرپشن کے کیسز ہیں، جس پر کرپشن کیسز ہیں اسے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بنادیا گیا، جن افسران نے ان کے کیسز نکالے، انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں، عدلیہ سے پوچھتا ہوں کیا آپ کا کام ان افسران کی حفاظت کرنا نہیں، ساڑھے 3 سال کوشش کرتا رہا کہ ان کے کیسز آگے بڑھیں، جن کو جیل میں ہونا چاہئے تھا وہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بن گئے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ جب تک زندہ ہوں اس ناانصافی اور ظلم کا مقابلہ کرتا رہوں گا، میر جعفر کی حکومت نے مراسلے پر کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا، شہباز شریف تم سے زیادہ جھوٹے اور کرپٹ لوگ نہیں آئے، لاہور ہائیکورٹ میں گارنٹی دی تھی نواز شریف واپس آئے گا، چیف الیکشن کمشنر نے سارے فیصلے ہمارے خلاف دیئے، ہمت ہے تو تینوں پارٹیوں کے ایک ساتھ کیسز سنو۔

انہوں نے بلاول پر ایک بار پھر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک بچے کو اردو صحیح سے آتی نہیں، بڑے بڑے اس کے آگے جھکتے ہیں، مریم نواز تیار بیٹھی ہے، اس نے زندگی میں ایک گھنٹہ کام نہیں کیا، ان کے پاس چوری کے علاوہ کیا صلاحیت ہے کوئی دوسرا اوپر نہیں آسکتا، شہباز شریف تم پیسے کے غلام ہو، ہم آزاد ہیں، شرم کرو تم نے 22 کروڑ لوگوں کو غلام بناکر رکھ دیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ میں آپ کو آزاد کرنے اور عہد لینے آیا ہوں، فیصلہ کریں اللہ کے سوا کسی کے آگے نہیں جھکیں گے، بھٹو کو سازش کرکے میر جعفر نے پھانسی دلوائی۔ عمران خان نے ملک کو حقیقی آزادی دلوانے کیلئے ایک بار پھر اسلام آباد میں جمع ہونے کا اعلان کردیا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ عوام میری کال کا انتظار کریں، گلی گلی، شہر شہر اور دیہات میں سب تیاری کریں، میں کسی قسم کا تصادم نہیں چاہتا، یہ میرا ملک ہے، یہاں سے کہیں نہیں بھاگوں گا، سارے برطانیہ بھاگ جاتے ہیں ایسا لگتا ہے کہ ملکہ برطانیہ سے ان کی رشتہ داری ہے، آج لگتا ہے کہ اسحاق ڈار کے والد لندن کے کوئی لارڈ تھے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کوئی تصادم نہیں چاہتا، ہماری فوج اور پولیس ہے، اگر طاقتور فوج نہ ہوتی تو پاکستان کے تین ٹکڑے ہوچکے ہوتے، ہمارے دشمن اس لئے کامیاب نہیں ہوئے کہ ہماری قوم فوج کے ساتھ کھڑی ہے، پرویز مشرف نے غلط کیا، فوج نے بڑی قربانیاں دیں، اگر ایسا نہ ہوتا تو ہمارا حال بھی شام اور عراق جیسا ہو، انہیں داد دیتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ ہماری پولیس بھی مضبوط فورس بنے، ہم اس ملک کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتے لیکن ہم کسی صورت اس امپورٹڈ حکومت کو تسلیم نہیں کریں گے۔

عمران خان نے کہا کہ یہ سمجھتے ہیں کہ تحریک ختم ہوجائے گی، تحریک ابھی زور پکڑے گی، بڑے لیڈرز کو کہا ہے کہ پورے پاکستان میں جاکر لوگوں کو تیار کریں، حقیقی آزادی کی تحریک میں سب کو شامل کرنا ہے، میری کال کا انتظار کریں، میں چاہتا ہوں کہ جلدی سے جلدی الیکشن کا اعلان کیا جائے، ہم ایک جمہوری پارٹی ہیں اور جمہوریت چاہتے ہیں، لیکن کبھی سلیکٹڈ امپورٹڈ حکومت کو تسلیم نہیں کریں گے، غلطی ٹھیک کرنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ جلدی الیکشن کرائیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے 27 رمضان کو شب دعا کے طور پر منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ لوگ دعا کریں کہ اللہ ہماری حقیقی آزادی کی تحریک کو کامیاب کرے، ہاتھ اٹھا کر میرے ساتھ عہد کریں کہ ہم عہد کرتے ہیں کہ ملک کی حقیقی آزادی اور جمہوریت کیلئے ہر وقت جدوجہد کریں گے، تب تک جدوجہد کریں گے جب تک الیکشن کا اعلان نہیں ہوتا۔



from SAMAA https://ift.tt/UJxuqkK

No comments:

Post a Comment

Main Post

Former US President Bill Clinton admitted to hospital with fever

The 42nd president is at a Washington DC hospital, and is in "good spirits", according to a spokesman. from BBC News https://ift...