طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ گرم موسم میں شہریوں کو چاہئے کہ سحر و افطار میں تلی ہوئی، مصالحے دار اور مرغن غذاؤں سے پرہیز کریں، شہر میں اس وقت ڈائریا کی وباء پھیلی ہوئی ہے، اس لئے بڑھتی ہوئی گرمی کے دوران کھانے میں ذرا سی بے احتیاطی اور بازاری اشیاء آپ کو ڈائریا میں مبتلا کرسکتی ہے، جس کے نتیجے میں آپ کی صحت کے ساتھ ساتھ عبادات بھی متاثر ہوسکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے رمضان المبارک کے آخری ہفتے میں پنجاب اور سندھ میں کے مختلف شہروں میں ہیٹ ویو کی پیش گوئی کی ہے۔ میٹ آفس کا کہنا ہے کہ کراچی میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہ سکتا ہے، اس لئے لوگوں کو چاہئے کہ گرمی کی شدید لہر کے دوران احتیاط کریں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر علاقوں میں 2 مئی تک موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ سندھ کے ساحلی علاقوں میں جزوی طور پر ابر آلود، گرم اور مرطوب موسم رہنے کا امکان ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے سماء ڈیجیٹل کو بتایا کہ 27 اپریل کو کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38.7 ریکارڈ کیا گیا تھا جبکہ 29 اور 30 اپریل کو درجہ حرارت 39 یا 40 ڈگری تک جاسکتا ہے۔
جناح اسپتال میڈیکل وارڈ 5 میں خدمات انجام دینے والے فیملی فزیشن ڈاکٹر عمر سلطان نے سماء ڈیجیٹل کو بتایا کہ کراچی میں جوں جوں گرمی بڑھے گی اور درجہ حرارت میں اضافہ ہوگا، شہریوں کو چاہئے کہ احتیاط کریں، اگر شاپنگ کیلئے بھی باہر نکلنا ہوتو شام کے اوقات میں نکلیں، سورج جب اپنے عروج پر ہو یعنی صبح 11بجے سے شام 5 بجے تک باہر نکلنے سے گریز کریں اور اگر باہر نکلنا مجبوری ہو تو سر ڈھانپ کر نکلیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر آپ کومحسوس ہو کہ آپ کے جسم کا درجہ حرارت بڑھ رہا ہے تو گیلا کپڑا اپنے سر پر رکھیں، سر پر ٹھنڈا پانی ڈالیں، منہ پر چھینٹے ماریں، اور کوشش کریں سایہ دار جگہ پر پناہ لیں۔
ڈاکٹر عمر سلطان کا کہنا تھا کہ رمضان ہے ایسے میں سحر و افطار میں پانی زیادہ سے زیادہ پئیں، مرغن، تلی ہوئی چیزوں اور بازاری اشیاء کے استعمال سے گریز کریں، اگر ممکن ہو سحری میں دہی کھائیں، افطار میں لسی اور سکنج بین (لیموں پانی) استعمال کریں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ باہر کے مشروبات سے گریز کیا جائے کیونکہ اس وقت سندھ میں ڈائریا کی وباء پھیلی ہوئی ہے، پانی اُبال کرپیئیں، کھانا کھاتے وقت اور واش روم سے فراغت کے بعد صاف پانی سے ہاتھ ضرور دھوئیں، اگر آپ کو ڈائریا کی علامات ہوں تو فوری طور پر او آر ایس استعمال کریں اور اپنے قریبی معالج سے رجوع کریں۔
مزید جانیے: پاکستان میں شدید گرمی، آئندہ ہفتے تک ہیٹ ویوکی پیشگوئی
غذائی ماہر (نیوٹریشنسٹ) فائزہ خان نے سماء ڈیجیٹل کو بتایا کہ گرم موسم میں کھانے پینے میں احتیاط کریں، دیسی مشروبات کا استعمال کرکے صحت کے مسائل سے بچ سکتے ہیں، دیسی مشروبات میں بھی شکر کا استعمال کم سے کم کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ سحری میں دودھ اور دہی کا استعمال ہمارے لئے مفید ہوتا ہے، اس وقت شہر کا موسم گرم ہے، اس لئے سحری اور افطاری میں پانی کا استعمال زیادہ کریں، مصالحے دار اور تلی ہوئی اشیاء کا استعمال کم سے کم کریں۔
فائزہ خان کا کہنا تھا کہ گرم موسم کے دوران میں سحری میں چائے یا کافی کے زیادہ استعمال سے گریز کریں، کیونکہ سحری میں لوگ چائے ضرور پیتے ہیں، اس کی جگہ آپ دودھ یا لسی پی سکتے ہیں، سحر و افطار میں دودھ یا شربت میں تخم بالنگا کا استعمال بھی کیا جا سکتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تازہ پھلوں کے بنے ہوئے مشروبات کا استعمال کریں یہ صحت بخش بھی ہوتے ہیں، آپ کے جسم میں ہونے والی نمکیات کی کمی بھی پوری کریں گے۔
from SAMAA https://ift.tt/JZiqlIk
No comments:
Post a Comment