ایڈمنسٹریٹر بلدیہ وسطی طٰحہٰ سلیم نے عوامی مسائل کے حل کیلئے ضلع بھر میں ایمرجنسی نافذ کردی۔ ان کا کہنا ہے کہ اسپین کی کمپنی سے کچرا اٹھانے کا معاہدہ ختم ہوگیا، اب چینی کمپنی ضلع وسطی سے کچرا اٹھائے گی، محدود وسائل لامحدود مسائل کو حل نہیں کرسکتے آمدنی بڑھانی ہوگی۔
ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی طٰحہٰ سلیم نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ وسطی کا اضافی چارج سنبھالنے کے بعد ضلع وسطی کے انتظامات، بلدیاتی خدمات، وسائل اور مسائل کے حوالے سے پریس بریفنگ میں کہا کہ بلدیہ وسطی میں فوری طور پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، تمام ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کرکے ڈیوٹی پر حاضر ہونے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بلدیہ وسطی کے ہر ملازم کو چاہے افسر ہو، کلرک یا قاصد اپنے اپنے حصے کا کام ذمہ داری اور ایمانداری سے کرنا ہوگا۔
ریکوری کے حوالے سے سوال کے جواب میں ایڈمنسٹریٹر ضلع وسطی نے کہا کہ یقیناً محدود وسائل میں رہ کر لامحدود مسائل کو حل نہیں کِیا جاسکتا، کیونکہ مالی وسائل کے بغیر کوئی ادارہ ترقی نہیں کرسکتا، اس لئے ضرورت اس امر کی ہے کہ بلدیاتی ٹیکس کی ریکوری میں اضافے کیلئے پوری تندہی سے کام کیا جائے، عوام کی جانب سے ٹیکس کی عدم ادائیگی سے نمٹنے سمیت ٹیکس ریکوری میں خرد برد کے امکانات کو بھی ختم کردینے کی ضرورت ہے، بدعنوان ریکوری افسران کیخلاف سخت اقدامات کئے جائیں گے، اُنہیں اب گھر جانا ہوگا، نااہل، سست، کام چور اور بدعنوان افراد بھی اپنے گھر جائیں گے۔
سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے حوالے سے ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اسپین کی کمپنی سے ہونیوالا معاہدہ ختم ہوچکا ہے، اب چین کی ایک کمپنی ضلع وسطی میں کچرا اُٹھانے کی ذمہ داری پوری کرے گی۔ مہنگائی اور تنخواہوں کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی تنخواہ دار طبقہ کیلئے تشویش کا باعث ہے، بلدیاتی ملازمین کی تنخواہوں میں 20 فیصد اضافے کی تجویز زیرِ غور ہے تاکہ مہنگائی سے پیدا ہونیوالی پریشانی کچھ کم کی جاسکے۔
شہر کی خستہ حال سڑکوں اور مرمت کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے طٰحہٰ سلیم نے کہا کہ سڑکوں کی خراب صورتِ حال کی اصل وجہ پانی اور سیوریج کی لائنوں کا رِساؤ ہے، جس کے سبب سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوجاتی ہیں، میں خود اس خراب صورتِ حال کا روز سامنا کرتا ہوں، اس سلسلے میں متعلقہ اداروں سے رابطے میں ہیں تاکہ جلد سے جلد خستہ حال سڑکوں کی مرمت اور تعمیرِ نو کی جاسکے۔
انہوں نے صحافیوں کو آگاہ کیا کہ ضلع وسطی میں پیٹرول چیک فلِیٹ کارڈ کا اِجراء کیا جائے گا جو پیٹرول کی مَد میں خُرد بُرد کو روکنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
غیرقانونی چارجڈ پارکنگ پر طحہٰ سلیم کا کہنا تھا کہ 17 فروری کی صبح سے ضلع وسطی میں کسی بھی جگہ غیر قانونی چارجڈ پارکنگ نظر نہیں آئے گی، اگر محکمے کا کوئی فرد اس میں ملوث پایا گیا تو اُس کیخلاف محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی جبکہ ناجائز تجاوزات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، بلدیہ وسطی کا شعبہ انسدادِ تجاوزات اور کے ایم سی اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے تعاون سے پہلے ہی آپریشن جاری ہے اور ضلع کے متعدد علاقوں سے ناجائز تجاوات کا خاتمہ کیا جاچُکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی کمپلین سینٹر کے بارے میں 15 اور 1339 کو فعال کیا جائے گا تاکہ عوام کی شکایات فوری طور پر انتظامیہ کے علم میں آجائے اور بر وقت شکایات کا ازالہ کیا جاسکے۔ انہوں نے سیف سٹی پروجیکٹ کے حوالے سے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلع وسطی میں پہلا ریجنل آفس قائم کیا جارہا ہے۔
from SAMAA https://ift.tt/FXqKHW0
No comments:
Post a Comment