وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ فنکار معاشرتی اوراخلاقی اقدار کے سفیرہوتے ہیں جنہیں خود کو منوانے اور معاشرے میں اپنا مقام پیدا کرنے کیلئے بڑی تگ و دو کرنی پڑتی ہے،فلم ،میوزک اور ریڈیو آرکائیوز پالیسی کا اجرا کر د یا ہے۔
پاکستان ٹیلی ویژن کی جانب سے گونر ہائوس لاہور میں فلمی صنعت کی بحالی کیلئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے فلم اور فنکار کی حوصلہ افزائی کی اور شو بز سے وابستہ افراد کو ہرممکن سہولت فراہم کرنے کی کو شش کی ہے ،امید ہے کہ عبوری حکومت بھی اس سلسلہ کو جاری رکھے گی، ماضی میں ہمارے ہمسایہ ممالک میں فلمیں اور ڈرامے پسند کئے جاتے تھے،فلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے آپ خود کمیٹی بنائیں اور سوچیں کہ کن خطوط پر چلنا ہے تا کہ فلم انڈسٹری میں کھویا ہوا مقام واپس ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے وہ دن بھی یاد ہے جب یہاں ہم خوبصورت فلمیں اور ڈرامے دیکھا کرتے تھے مگر بد قسمتی سے ایک طویل عرصے تک فلم انڈسٹری نہ ہونے کے برابر رہی، کئی سینما ہالز شادی ہالوں میں تبدیل ہو گئے۔ ثقافت کسی بھی سوسائٹی کا حسن ہوتا ہے،وحید مراد،محمد علی،شبنم،زیبا، مصطفی قریشی،منور ظریف،ننھا،کمال رضوی،معین اختر،عمر شریف ،عرفان کھوسٹ،امان اللہ سمیت دیگر فنکاروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
شہباز شریف نے کہا کہ ان فنکاروں نے اپنے فن کے ذریعے ملک کی خدمت کی اور نام کمایا ہے۔انہوں نے ڈی جی والڈ سٹی کامران لاشاری کی لاہور شہر کو خوبصورت بنانے پر تعریف کی جبکہ ان کے بیٹے بلال لاشاری کو کامیاب نئی فلم مولا جٹ بنانے پر مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے کوشش کی ہے کہ فلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے جو بھی کوششیں کی ہیں وہ پروان چڑھیں تا کہ فلم انڈسٹری کا کھویا ہوا مقام اسے واپس ملے۔
وزیراعظم نے شوبزانڈسٹری سے وابستہ افراد سلیم حیدر،شمع ممتاز،بشریٰ صادق،اسد عباس، استاد جعفرحسین میں ہیلتھ کارڈ بھی تقسیم کئے جبکہ شو بز انڈسٹری کے نامور فنکاروں کو بہترین کارکردگی پر آئیکون ایوارڈز سے نوازا جس میں بشری ٰانصاری ،سلطانہ صدیقی ،ہمایوں سعید ،عثمان پیر زاداہ،غلام محی الدین،سنگیتا،خالد عباس ڈار،فواد خان،بلال لاشاری،ریشم،میرا سمیت دیگر فنکار شامل ہیں۔
قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف نے ریڈیو پاکستان ایپ“ آواز خزانہ“ کا افتتاح بھی کیا۔
from Samaa - Latest News https://ift.tt/SbYRo6V
No comments:
Post a Comment