وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ مذہب کے بعد سیاست میں متشدد رحجان ہمارے معاشرے کو تباہ کردے گا۔
ٹویٹر پیغام میں لندن میں مریم اورنگزیب کے ساتھ تحریک انصاف کے حمایتی افراد کے بدتمیزی پر تبصرہ کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلافات کو یہ رنگ دینا گھٹیا تربیت، عدم برداشت کی انتہا ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہمارے بعض طبقات کی اوقات برطانیہ جاکربھی نہیں بدلی، یہ لوگ ہماری سوسائٹی کی پست ترین سطح کی نمائندگی کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ آج لندن میں تحریک انصاف کے حمایتیوں کی جانب سے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے ساتھ بدتمیزی کا ایک اور واقعہ رونما ہوا ہے۔
اتوار کے روز مریم اورنگزیب سینٹرل لندن میں موجود تھیں کہ تحریک انصاف کے حمایتی وہاں آن پہنچے ، تحریک انصاف کے حمایتیوں میں خواتین بھی شامل تھیں جن میں سے کچھ مریم اورنگزیب کو انتہائی برے القابات سے پکار رہی تھیں۔
اس سارے عمل کے دوران مریم اورنگزیب نے انتہائی صبر کا مظاہرہ کرتے ہوئے خاموشی اختیار کئے رکھی۔
تحریک انصاف کے حمایتیوں کے چلے جانے کے بعد مریم اورنگزیب سے تحریک انصاف کی ہی ایک حمایتی خاتون نے چند سوالات کئے، جن کا انہوں نے شافی جواب دے کر اسے مطمئن کرنے کی کوشش کی۔
لندن میں تحریک انصاف کے حمایتیوں کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔ گزشتہ چند برسوں کے دوران کئی مرتبہ نواز شریف کی رہائش گاہ اور ان کے بیٹوں کے دفاتر کے سامنے احتجاج ہوچکے ہیں۔
مریم اورنگزیب کے ساتھ رمضان المبارک میں مسجد نبوی ﷺ میں بھی چند افراد نے بدتمیزی کی تھی جس کی ہر سطح پر شدید مذمت کی گئی تھی۔
from Samaa - Latest News https://ift.tt/otOcs9u
No comments:
Post a Comment