اسلام آباد میں شکرپڑیاں کے مقام پر خواتین سمیت 3 غیرملکی سیاحوں کو ہراساں کرنے کا واقعہ پیش آیا، ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد اسلام آباد پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کیلئے ویڈیو نادرا کو بھجوادی۔
اسلام آباد کے سیاحتی مقام شکر پڑیاں میں دو خواتین سمیت 3 غیر ملکی سیاحوں کو اوباش نوجوانوں نے گھیر لیا، ٹک ٹاک پر ویڈیو 14 اور 15 اگست کی رات اپ لوڈ کی گئی، ایسا لگتا ہے کہ واقعہ 14 اگست کو پیش آیا۔
وائرل ویڈیو میں دونوں خواتین انتہائی پریشانی اور خوف کے عالم میں نظر آرہی ہیں۔ ویڈیو میں کچھ نوجوان خواتین کو گھیرے ہوئے ہیں جبکہ وہاں موجود چند نوجوانوں کی جانب سے خواتین کو بچانے کی بھی کوشش کی گئی اور اوباش نوجوانوں سے دور ہٹنے کیلئے کہا گیا۔
ٹک ٹاک پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اسلام آباد پولیس نے شکر پڑیاں میں خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔
اسلام آباد پولیس کی جانب سے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خاں نے واقعے کا سختی سے نوٹس لے لیا، واقعے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی شناخت کیلئے ویڈیو نادرا کو بھجوائی جارہی ہے، ویڈیو میں موجود ملزمان کی شناخت کرکے انہیں گرفتار کیا جائے گا۔
اسلام آباد کے مطابق کیس کو ڈی آئی جی آپریشنز سہیل ظفر چٹھہ خود سپروائز کریں گے، یہ ایک افسوس ناک اور مجرمانہ فعل ہے، ہر طبقہ فکر کے لوگوں کو اس کی بھرپور مذمت کرنے کی ضرورت ہے۔
پولیس نے اسلام آباد کے تھانہ آبپارہ میں واقعے کا مقدمہ درج کرلیا، جس میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 147، 149، 354 اور 509 شامل کی گئی ہیں۔
from Samaa - Latest News https://ift.tt/EYT2PQk
No comments:
Post a Comment