کراچی ميں تعینات روس کے قونصل جنرل کا کہنا ہے کہ پاکستان سے پيٹروليم مصنوعات سے متعلق مذاکرات کيلئے تيار ہيں، قيمتوں پر بھی بات چيت ہوسکتی ہے۔
کراچی میں نمائندہ سماء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے روس کے قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستان کو سستی قیمت پر پیٹرولیم مصنوعات فراہم کرنے کیلئے مذاکرات پر تیار ہیں، دوست آپس ميں بيٹھتے ہيں اور پھر کسی نتيجے يا معاہدے پر پہنچتے ہيں۔
ان کا کہنا ہے کہ اس پر دوستوں کی طرح بات ہونی چاہئے، بزنس پارٹنرز کی طرح نہيں اور ہم تسلیم کرتے ہیں کہ پاکستان ہمارا دوست ہے، ہم اپنے دوستوں کيساتھ ہر قسم کی بات چيت کيلئے تيار ہيں۔
روسی قونصل جنرل نے مزید کہا کہ جب دوست کسی ٹيبل پر بيٹھتے ہيں تو اچھے نتائج نکلتے ہيں۔
عمران خان نے بھی دعویٰ کیا تھا کہ ان کی حکومت پاکستان روس سے عالمی قیمتوں کے مقابلے میں 30 فیصد سستا تیل خریدنے کیلئے مذاکرات کررہی تھی، جو حتمی مراحل میں تھے، تاہم اس سے پہلے ہی ہماری حکومت گرادی گئی۔
وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے آج پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ حکومت روس سے گندم خریدنے کیلئے بات چیت کررہی ہے۔
یوکرین پر حملے کے تناظر میں روس کو کئی عالمی پابندیوں کا سامنا ہے، امریکا بھی ترقی پذیر ممالک پر روس سے کاروبار نہ کرنے کیلئے دباؤ ڈالتا رہتا ہے۔
سی این این کی رپورٹ نے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے انٹرویو میں اس حوالے سے سوال کیا تھا، جس پر ان کا کہنا تھا کہ روس نے پیٹرول فراہم کرنے کیلئے ہم سے رابطہ نہیں کیا تاہم ہم اس سے گندم خریدنا چاہتے ہیں۔
دوسری جانب بھارت نے روس سے بھاری مقدار میں سستا تیل خریدا ہے۔
واضح رہے کہ اپریل میں عمران خان کی حکومت کے خاتمے کے بعد اتحادی جماعتوں کی نئی حکومت مئی کے آخر اور جون کے ابتداء میں 8 روز کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 60 روپے فی لیٹر اضافہ کرچکی ہے۔
from Samaa - Latest News https://ift.tt/RyvPfdF
No comments:
Post a Comment