کراچی کے علاقے صدر میں دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور کم از کم 11 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق کراچی میں صدر کے علاقے لکی اسٹار کے قریب زور دار دھماکا ہوا جس میں ایک شخص جاں بحق اور 11 افراد زخمی ہوگئے، واقعے میں 8 سے 10 گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
جناح اسپتال ایمرجنسی کے سربراہ ڈاکٹر شاہد رسول کا کہنا ہے کہ ایک لاش اور زخمی جناح اسپتال لائے گئے، زخموں کے نشان بال بیئرنگ جیسے ہیں، جس سے لگتا ہے کہ یہ بم دھماکا تھا۔
جے پی ایم سی کی ایڈیشنل پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ طارق نے سماء ڈیجیٹل کو بتایا کہ صدر دھماکے کے دو زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
ڈی آئی جی جنوبی نے سماء ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکا پلانٹڈ ڈیوائس سے کیا گیا، دھماکا خیز مواد سائیکل میں نصب تھا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق صدر دھماکے میں کوسٹ گارڈ کی گاڑی کو نشانہ نہیں بنایا گیا، گاڑی وہاں سے گزر رہی تھی جو دھماکے کی زد میں آگئی، گاڑی میں موجود دو اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
ڈی آئی جی جنوبی نے سماء ڈیجیٹل کو بتایا کہ کوسٹ گارڈ حکام نے پولیس کو بتایا ہے کہ کوسٹ گارڈ اہلکار ایک افسر کو ڈراپ کرکے واپس آرہے تھے، جب دھماکا ہوا۔
شرجیل کھرل نے مزید بتایا کہ کوسٹ گارڈ حکام کے مطابق یہ ان کا مستقل روٹ نہیں تھا، اس لئے یہ کہنا کہ کوسٹ گارڈ کو نشانہ بنایا گیا درست نہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کراچی دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے ایک شخص کے جاں بحق اور متعدد کے زخمی ہونے پر اظہار افسوس کیا ہے۔
ان کاکہنا ہے کہ جاں بحق شخص کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں۔
وزیراعظم نے وزیراعلیٰ سندھ کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر عوام اور امن دشمن عناصر کا قلع قمع کریں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صدر میں دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی اور کمشنر کراچی سے رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے سماء ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی، بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی موقع پر پہنچنے کی ہدایت کردی۔
انہوں نے کہا کہ مجھے پہلے سے تھریٹس کا علم نہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بظاہر لگتا ہے کہ دھماکا خیز مواد ڈسٹ بن (کچرے کے ڈبے) میں رکھا گیا تھا، بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا گیا جو دھماکے کے مقام کا جائزہ لے کر تفصیلات سے آگاہ کرے گا۔
عینی شاہد کا کہنا ہے کہ دھماکا بہت شدید تھا، سلنڈر دھماکا اتنا زور دار نہیں ہوتا، دھماکا ہوتے ہی ایک شخص کو دور جا کر گرتے دیکھا۔
from SAMAA https://ift.tt/9Skp7Hg
No comments:
Post a Comment