حمزہ شہباز کہتے ہیں کہ اقتدار کی ہوس انسان کو بہت دور لے جاتی ہے، پرویز الٰہی کے سیاہ کرتوت کی تاریخ گواہی دے گی، اس ملک میں خوشحالی تبھی ہوگی جب آئین و قانون کی عزت ہوگی، آئین شکنی کا حساب لیں گے۔
علامتی اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب ہونے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے حمزہ شہباز شریف نے صوبائی حکومت اور اسپیکر پرویز الٰہی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ ڈپٹی اسپیکر کیخلاف رولنگ دے سکتے ہیں، پنجاب اسمبلی سیل کرسکتے ہیں، کرفیو نافذ کرسکتے ہیں، اسمبلی ملازمین کو اندر قید کرسکتے ہیں لیکن کسی کے ضمیر کو قید نہیں کرسکتے، آج مطلوبہ عددی اکثریت سے کہیں زیادہ معزز اراکین نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا، جس پر شکر گزار ہوں۔
ان کا کہنا ہے کہ وفاق سے شروع ہونے والا کھیل تماشہ اب پنجاب پہنچ چکا ہے، 4 دن سے صوبے کا کوئی وزیراعلیٰ نہیں، چار سال سے یہاں کا کوئی والی وارث نہیں تھا، کرپشن کا بازار گرم تھا، وسیم اکرم پلس دونوں ہاتھوں سے کرپشن کا پیسہ سمیٹ رہا تھا، عمران نیازی بتائیں اس صوبے سے کتنا انتقام لینا ہے، اجلاس کی تاریخ دیتے ہیں، عددی اکثریت نہ ہونے کا پتہ چلتا ہے تو 6 منٹ میں اجلاس ملتوی کردیتے ہیں۔
حمزہ نے کہا کہ اسمبلی کے دروازے عوام کے منتخب نمائندوں پر بند کردیئے گئے، پرویز الہٰی صاحب آپ کے سیاہ کرتوتوں کی تاریخ گواہی دے گی، آپ کا بھی احتساب ہوگا، پنجاب کی انتظامیہ کسی کی ذاتی ملازم نہیں، جو افسر حکومت اور عوام کے ملازم ہونے کے باوجود ذاتی ملازم بن کر آئین شکنی کررہے ہیں ان کا بھی احتساب ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ پر تمام تر نظریں مرکوز ہیں، ان سے درخواست کروں گا کہ کسی کا گھر یا دل نہیں آئین پاکستان ٹوٹا ہے، آئین کو پامال اور پاکستان کو بدنام کیا گیا، برائے مہربانی فیصلہ صادر کریں تاکہ ملک آگے چل سکے، آئین پر لگنے والے زخم کا مداوا نہ کیا گیا تو ملک کسی حادثے سے دوچار ہوجائے گا، ایسا ہوا تو آنے والی نسلوں کو انصاف نہیں دے سکیں گے، ان کے ساتھ کھلواڑ کریں گے، امید ہے عدالت آئین کو دوبارہ عزت دے گی۔
صحافیوں کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اقتدار کی ہوس انسان کو بہت دور لے جاتی ہے، آئین شکنی کرنیوالوں کو کٹہرے میں آنا چاہئے، عوام پریشان ہیں، مزدور بیروزگار ہے، معیشت زمیں بوس ہوچکی ہے، لوگوں کا سسٹم پر سے اعتماد اٹھ رہا ہے، اس ملک میں خوشحالی تبھی ہوگی جب آئین و قانون کی عزت ہوگی، نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں آگے بڑھیں گے اور آئین شکنی کا حساب لیں گے۔
from SAMAA https://ift.tt/7sVfqiS
No comments:
Post a Comment