عمران خان کاحکومت پرآئندہ انتخابات میں دھاندلی کی منصوبہ بندی کاالزام

سابق وزیراعظم نےحکومت پر آئندہ انتخابات میں دھاندلی کی منصوبہ بندی کا الزام لگاتے ہوئے خط کے معاملے پر جوڈیشل انکوائری اور فوری انتخابات کا مطالبہ کردیا۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ کسی ملک کیخلاف نہیں دوست سب سے لیکن غلامی کسی کی نہیں چاہتا، اگر سازش کامیاب ہوگئی تو پاکستان کا کوئی وزیراعظم امریکا کی دھمکی کے سامنے کھڑا نہیں ہوگا، میرے لوگ میری ذمہ داری ہیں، میں کبھی اپنے لوگوں کو کسی اور ملک کیلئے قربان نہیں کرسکتا۔

کراچی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ آج خاص بات چیت کیلئے آپ کے سامنے آیا ہوں، آج مسئلہ تحریک انصاف کا نہیں پاکستان کا ہے۔ انہوں نے جلسے کے شرکاء سے استفسار کیا کہ جو ملک کے ساتھ ہوا وہ مداخلت تھی یا سازش؟، جس پر مجمع نے اسے سازش قرار دیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھاکہ بین الاقوامی سطح پر ملک کیخلاف سازش ہوئی، میں کسی ملک کیخلاف نہیں، نہ بھارت، نہ یورپ اور نہ امریکا کیخلاف ہوں، میں دنیا میں انسانیت کے ساتھ ہوں، دوستی سب سے چاہتا ہوں لیکن غلامی کسی کی نہیں چاہتا۔

عمران خان نے کہا کہ یہ جو سازش ہوئی ہے یہ آپ کو غلام رکھنے کی سازش ہے، ہمارے اوپر میر جعفر اور میر صادق پر مسلط کردیئے گئے ہیں، 3 سے 4 مہینے پہلے پتہ چلا کہ امریکی سفارتخانے نے اپوزیشن کے لوگوں سے ملنا شروع کیا اور جو لوگ ضمیر بیچ کر لوٹا ہوئے تھے ان سے بھی ملاقاتیں شروع کیں، سازش میں شامل صحافیوں کی بھی ملاقاتیں امریکی سفارتخانے میں ہوئیں۔

عمران خان نے مزید کہا کہ امریکا میں جو عزت ملی شاید ہی کسی وزیراعظم کو ملی ہوگی، پیغام دینا چاہتا ہوں کہ اگر سازش کامیاب ہوجاتی ہے تو کوئی پاکستان کا وزیراعظم امریکا کی دھمکی کے سامنے کھڑا نہیں ہوگا،

ان کا کہنا ہے کہ وزیرستان میں 8 جوان شہید ہوئے، امریکا کی جنگ میں شرکت کی وجہ سے 8 ہزار سیکیورٹی اہلکاروں نے قربانیاں دیں، جنرل مشرف نے خود اپنی کتاب میں لکھا ہے کہ امریکا نے کہا کہ ہم آپ کو پتھروں کے دور میں بھیج دیں گے، ایک دھمکی نے چاروں شانے چت کردیا، 80 ہزاروں لوگوں کو شہید اور اربوں ڈالر کا نقصان کرالیا، لاکھوں لوگ نقل مکانی پر مجبور ہوئے، پاکستان پر 400 ڈرون حملے ہوئے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ امریکا کو مجھ سے کیا گلہ ہے، جب مجھ سے ایک انٹرویو میں پوچھا گیا کہ کیا امریکا کو بیسز دیں گے تب میں نے کہا ’’ایبسولوٹلی ناٹ‘‘، ایک ملک کا وزیراعظم ملک کے باپ کی جگہ رکھتا ہے، میرے لوگ میری ذمہ داری ہیں، میں کبھی اپنے لوگوں کو کسی اور ملک کیلئے قربان نہیں کرسکتا، میں چیری بلاسم بوٹ پالش نہیں ہوں، میں اس ملک کا میر جعفر نہیں ہوں جو باہر کے ملک سے مل کر ایک منتخب حکومت گرادے۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس چار حکومتیں تھیں، میں ان لوگوں کو واپس خرید سکتا تھا، مجھے اللہ کو جواب دینا ہے، کیا نوجوانوں کیلئے یہ مثال قائم کروں کہ اپنی حکومت بنانے کیلئے رشوت دے رہا ہوں اور ضمیر خرید رہا ہوں، بہتر ہے حکومت چلی جائے، کبھی اپنے ضمیر کا سودا نہ کرنا۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے خط کے معاملے کی جوڈیشل تحقیقات اور عام انتخابات کا مطالبہ کردیا، کہتے ہیں کہ تمام پاکستانی نکلیں اور نئے انتخابات کا مطالبہ کریں، یہ کبھی الیکشن نہیں کرائیں گے، یہ ملک جمہوریت پسند ہے، ہمیں الیکشن چاہئیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ فارن فنڈنگ کيس کے ذريعے ہمیں ميچ سے باہر کرنے کی کوشش کرینگے، میرا مطالبہ ہے کہ مسلم لیگ ن، پاکستان تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی کی فنڈنگ کا کيس اکٹھا سنا جائے، یہ نیب اور ایف آئی اے میں ہمارے خلاف جھوٹے کیسز بنائیں گے۔

عمران خان نے کراچی کے شہریوں کا بھرپور طریقے سے نکلنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جمعرات کو مینار پاکستان پر جلسہ کریں گے، کبھی بھی امپورٹڈ حکومت کو تسلیم نہیں کریں گے، امپورٹڈ حکومت نامنظور کا ٹرینڈ آج بھی ٹاپ ٹرینڈ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ واحد سیاستدان ہوں جس کو سپریم کورٹ نے صادق اور امین کہا، عدم اعتماد کی تحریک میرے خلاف کامیاب ہوئی، اس کا پہلے سے علم تھا میچ فکس ہوگیا، مجھے تکلیف ہوئی کہ رات 12 بجے عدالتیں کھول دی گئیں، یہ بات ساری زندگی دل میں رہ جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ کبھی اداروں کو کمزور نہیں کرنا چاہیں گے، ہماری تحریک پُرامن رہے گی، ملک کا کبھی نقصان نہیں کیا، نہ ہونے دیں گے۔ عمران خان نے دعویٰ کیا کہ حکومت آئندہ انتخابات میں دھاندلی کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔



from SAMAA https://ift.tt/TwJ1diH

No comments:

Post a Comment

Main Post

Farmers seen fleeing Nebraska wildfire during harvest

Video shows tractors being overwhelmed by tall plumes of smoke as firefighters battled the blaze. from BBC News https://ift.tt/7hzLEgx