کراچی:ہیضے کی وباء، واٹربورڈ کوصاف پانی کی فراہمی کیلئے خط

محکمہ صحت سندھ نے صوبے میں 150 ہیضے کے کیسز رپورٹ ہونے پر واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو صاف پانی فراہم کرنے کی درخواست، سرکاری اور نجی اسپتالوں میں او آر ٹی یونٹس قائم کرنے کی ہدایت کردی۔

ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سندھ نے ہیلتھ کیئر کمیشن کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ نجی اسپتالوں کو پابند کریں کہ ہیضے کے مشتبہ یا تصدیق شدہ کیسز اور اموات کی صورت میں فوری طور پر محکمہ صحت کو مطلع کریں۔

گزشتہ ہفتے تک ہیضے کی وباء سے انکاری محکمہ صحت سندھ نے تمام ضلعی صحت کے افسران کو ہدایات جاری کی ہیں کہ سرکاری اسپتالوں میں تربیت یافتہ عملے پر مشتمل یونٹس تشکیل دیں، ہیضے کے کیسز سے نمٹنے کیلئے مقامی کمیٹیاں تشکیل دینے کا بھی حکم دیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے ایک سوال کے جواب میں ہیضے کے کیسز رپورٹ ہونے کی تردید کی تھی اور کہا تھا کہ کراچی سمیت کہیں بھی ہیضے کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سندھ نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو لکھے گئے مراسلے میں کہا ہے کہ ہیضہ پانی سے پھیلنے والی ایک بیماری ہے، اس لئے واٹر بورڈ شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنائے اور پانی میں عالمی ادارۂ صحت کی ہدایت کے مطابق کلورین شامل کرے۔

محکمہ صحت کے مطابق اس وقت صوبے میں 5 سال سے کم عمر بچوں میں اسہال کے کیسز بھی رہورٹ ہورہے ہیں۔

مراسلوں میں بتایا گیا ہے کہ ہیضہ اُن 34 بیماریوں میں سے ایک ہے جنہیں انٹرنیشنل ہیلتھ ریگولیشن 2005ء کے مطابق رپورٹ کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے، اس ضمن میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز اور ہیلتھ کیئر کمیشن سندھ کو علیحدہ علیحدہ لکھے گئے مراسلوں میں کہا گیا کہ ہیضے کے کسی بھی مشتبہ کیس، ہیضے کے تصدیق شدہ کیسز اور ہیضے کی وجہ سے ہونیوالی اموات کے بارے میں لازمی محکمہ صحت سندھ کو مطلع کریں۔

ہیلتھ کیئر کمیشن کو یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ نجی اسپتالوں کو اس بارے میں پابند کریں اور ہیضے کے مریضوں کیلئے نجی اسپتالوں میں یونٹس تشکیل دیں۔

ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سندھ ڈاکٹر جمن بہوتو نے سماء ڈیجیٹل کو بتایا کہ اسپتالوں کو بھی پابند کر رہے ہیں کہ وہ ہیضے کے مریضوں کیلئے خصوصی یونٹس تشکیل دیں، تربیت یافتہ عملہ تعینات کریں اور بہتر سے بہتر علاج کی سہولیات پہنچائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ کمیونٹی کو بھی ساتھ شامل کریں، ان کیلئے آگہی سیشنز منعقد کریں، اسی لئے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو بھی خط لکھا ہے، کوشش ہے تمام اداروں کو ساتھ ملاکر اس وباء سے نمٹ سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو بھی چاہئے کہ وہ بازاری اشیاء کھانے سے گریز کریں، کھانا بناتے وقت اور کھانا کھانے سے پہلے ہاتھ دھوئیں، واش روم استعمال کرنے کے بعد ہاتھ دھونے کی عادت اپنائیں، باسی کھانا نہ کھائیں، پانی ہر صورت اُبال کر پیئیں۔ ڈاکٹر جمن نے کہا کہ شہریوں کو چاہئے کہ از خود بھی پانی کے ٹینکس میں کلورین شامل کریں۔

ضلعی ہیلتھ کے افسران کو بھی کہا گیا ہے کہ وہ کمیونٹیز کو شامل کریں، تعلیمی اداروں، مساجد، محلوں کی سطح پر بھی رابطے کریں، لوگوں کو آگہی دیں،  ڈی ایچ اوز کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر اقدامات اٹھائیں، کنٹرول روم قائم کریں اور فوکل پرسنز تعینات کریں، او آر ایس، زنک، فلوئیڈز اور تمام ضروری ادویات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔



from SAMAA https://ift.tt/WaBxMLh

No comments:

Post a Comment

Main Post

Former US President Bill Clinton admitted to hospital with fever

The 42nd president is at a Washington DC hospital, and is in "good spirits", according to a spokesman. from BBC News https://ift...