وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آج (بدھ کو) دو مرتبہ ملاقات کی، وزیراعظم سے کسی نے استعفیٰ مانگا اور نہ وہ استعفیٰ دیں گے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ آج وفاقی کابینہ کے اجلاس میں دھمکی آمیز خط پیش کیا گیا، وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ٹی وی اینکرز کو اس خط کے مندرجات بھی بتائے گئے، اگلے مرحلے میں ہم پارلیمنٹ کے ان کیمرہ اجلاس میں یہ خط رکھ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیراعظم کو خفیہ دستاویز منظر عام پر لانے سے روک دیا ہے۔
عدالیہ عالیہ کا تحریری حکمنامے میں کہنا ہے کہ توقع ہے وزیراعظم اپنے حلف کے عین مطابق کوئی بھی خفیہ معلومات پبلک نہیں کریں گے اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خلاف ورزی سے بچیں گے۔
وفاقی وزیر فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو میں مزید کہا کہ جس قسم کی زبان، جس کی قسم کی دھمکیاں اور جس قسم کا پلان اس خط میں دیا گیا ہے وہ کسی بھی خود مختار ملک کیلئے قابل قبول نہیں، میں اس کی تفصیل میں نہیں جارہا، ہم اسے پارلیمنٹ میں لے کر جارہے ہیں، سپریم کورٹ کو بھی یہ خط دکھائیں گے۔
فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عمران خان پاکستان کی حرمت کیلئے لڑے گا، پاکستان کی خود مختاری اور پاکستانی قوم کی عزت کیلئے بھی لڑے گا، گیم آخری گیند تک جائے گی، فی الحال 1992ء ورلڈ کپ والی صورتحال ہے، لگ رہا ہے کہ ہم پیچھے ہیں لیکن ہم پیچھے نہیں ہیں، گیم پلٹے گی تو سب دیکھیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف کی واضح لائن ہے کہ پاکستان کی فوج استحکام اور پاکستان کی نیشنل سیکیورٹی کی ضامن ہے، نواز شریف اداروں کو فتح کرنے کے چکر میں رہتے تھے، ہم اداروں کے ساتھ مل کر کام کرتے ہیں۔
from SAMAA https://ift.tt/V6pcD3m
No comments:
Post a Comment