ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر ضلع وسطی طٰحہٰ سلیم نے پریس بریفنگ کے دوران کئے گئے اعلانات پر عملدرآمد شروع کردیا، ضلع وسطی سے غیر قانونی چارجڈ پارکنگ ختم کردی گئی۔
ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر ضلع وسطی نے اپنے انتظامیہ اور بلدیاتی اہداف کو حاصل کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے شروع کردیئے، اس سلسلے میں آج طٰحہٰ سلیم کی صدارت میں ڈی سی آفس میں ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس کا مقصد ضلعی انتظامیہ کو عوام کی فلاح بہبود اور پر امن شہری زندگی ممکن بنانے کیلئے ضلع وسطی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افسران و عہدیداران کو خصوصی ذمہ داریاں تفویض کرنا تھا۔
اجلاس میں گزشتہ روز پریس بریفنگ میں کئے جانے والے وعدوں پر عملدرآمد کو سرفہرست رکھا گیا، جس کے تحت سب سے پہلا قدم غیر قانونی چارجڈ پارکنگ کو ضلع وسطی سے ختم کرنے کیلئے اُٹھایا گیا، اس حوالے سے متعلقہ سب ڈویژن کے اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو سُپرمارکیٹ لیاقت آباد، کریم آباد، مینا بازار، غریب آباد، سمن آباد، واٹر پمپ فیڈرل بی ایریا، گلبہار، حیدری اور ناگن چورنگی تا 4 کے چورنگی کی مصروف شاہراہوں اور کاروباری علاقوں سے پارکنگ اور تجاوزات کو ختم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گی۔
اس سلسلے میں غیرقانونی چارجڈ پارکنگ اور تجاوزات قائم کرنے میں معاونت کرنیوالے افراد، چاہے ان کا تعلق ضلعی و بلدیاتی انتظامیہ سے کیوں نہ ہو، کیخلاف قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ تجاوزات کیخلاف کارروائی میں رکاوٹ ڈالنے والے اور انتظامیہ کے مقابلے پر آنے والے افراد سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر ضلع وسطی طٰحہٰ سلیم نے افسران کو ہدایت کی کہ تجاوزات کو پنپنے سے روکنے کیلئے مستعد و متحرک رہیں، تجاوزات کو قائم ہونے کے امکانات کو پیدا ہونے سے پہلے ہی ختم کرنا ہوگا، سندھ پولیس، ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی تکون باہمی اشتراک اور تعاون سے ہر قسم کے غیر قانونی کاموں کو روکنے میں 100 فیصد کامیابی حاصل کرسکتی ہے۔
اجلاس میں میونسپل کمشنر بلدیہ وسطی زاہد حسین، ایس ایس پی سینٹرل معروف عثمان، ایڈیشنل کمشنر سینٹرل ون عبدالوسیم، ایڈیشنل کمشنر ٹو عمران علی راجپوت، اسسٹنٹ کمشنر ناظم آباد زینب احمد، اسسٹنٹ کمشنر لیاقت آباد ثناء طارق، اسسٹنٹ کمشنر نارتھ ناظم آباد طاہر چیمہ، اسسٹنٹ کمشنر نیو کراچی کیپٹن عطاء، اسسٹنٹ کمشنر گلبرگ دادن خان لاشاری، ایس ایس پی سینٹرل ٹریفک سید صغیر حسین، ایس پی نیو کراچی حمید خان، ایس پی گلبرگ طاہر نورانی و دیگر اہم پولیس افسران کے علاوہ ڈائریکٹر لینڈ کے ایم سی کامران علوی، ایڈیشنل ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ بلدیہ وسطی ساجد احمد شریک تھے۔
پولیس، کے ایم سی اور ڈی ایم سی کے نمائندوں نے اپنی جانب سے ڈپٹی کمشنر طٰحہٰ سلیم کو پُرخلوص خدمات پیش کرنے کا عزم ظاہر کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف تحفظات سے بھی آگاہ کیا، جنہیں دور کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔
from SAMAA https://ift.tt/IPn2zXt
No comments:
Post a Comment